نئی دہلی، یکم فروری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جمعےۃ علماء ہند کے صدر مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری اور جنر ل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے سابق مرکزی وزیر ای احمدصدر انڈین مسلم لیگ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ مرحوم نے ملک وملت کے لیے بڑی خدمات انجام دی ہیں، ساتھ ہی ہندستان اور مشرق وسطی کے ممالک کے درمیان رابطہ مستحکم کرنے میں ان کا نمایا ں کردار رہا ہے اور عالمی مسائل کے تعلق سے انھوں نے اقوام متحدہ میں کئی بار ملک کی نمائندگی بھی کی ہے۔ وہ ۱۷۹۱ء سے کیرل کے اسمبلی انتخابات اور پھر ۱۹۹۱ء سے مسلسل ملاپورم سے لوک سبھا میں منتخب ہوتے رہے، مرحوم یوپی اے سرکار کے مختلف شعبوں میں وزیر مملکت رہ کراپنی ذمہ داریوں کے تئیں پابند تھے۔مولانا منصورپوری اور مولانا مدنی نے کہاکہ پارلیامنٹ میں صدارتی خطاب کے دوران اچانک ان ک طبیعت بگڑنے اور پھرانتقال کی خبر سن کر کافی رنج ہوا، مرحوم فدائے ملت مولانا اسعدمدنیؒ سے تعلق رکھتے تھے اور ملکی وملی مسائل میں حضرت ؒ کے ساتھ مشوروں میں شریک ہوتے، نیز جمعےۃ علماء ہند کے اجلاسوں اور کانفرنسوں میں بھی شرکت فرماتے۔ان کے انتقال سے یقینا ملک کے سیاسی اور سماجی حلقے میں ایک خلاپیدا ہوگیا ہے۔ مولانا منصورپوری اور مولانا مدنی نے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعاء کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے، نیز جماعتی احباب اور متعلقین سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے لیے ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کا اہتمام کریں۔